قطر(اُمت نیوز)فٹ بال ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے کے دو راؤنڈ اختتام کو پہنچ گئے، آج سے تیسرے راؤنڈ کے میچز کھیلے جائیں گے، گروپ اے اور گروپ بی کے مقابلے ہوں گے، ایکواڈور اور سینیگال، ایران اور امریکا کے ساتھ ساتھ ویلز اور انگلینڈ اگلے مرحلے میں رسائی کی جنگ لڑیں گے۔
آج گروپ اے کے سلسلے میں میچ ایکواڈور اور سینیگال کے درمیان ہوگا، یہ مقابلہ سینیگال کیلئے اہمیت کا حامل ہے جسے اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
ڈرا کی صورت میں ایکواڈور آخری سولہ ٹیموں میں پہنچ جائے گا، اسی گروپ کا ایک اور میچ نیدرلینڈز اور میزبان قطر کے درمیان ہوگا۔
یہ دونوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے ہوں گے، رات 12 بجے گروپ بی کے دونوں میچز ہوں گے جس میں ایران اور امریکا اور ویلز اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔