پنجاب اسمبلی کیسے بچائی جائے؟ ن لیگ کا پی پی سے رابطہ

لاہور(اُمت نیوز)پنجاب اسمبلی بچانے کیلئے پیپلزپارٹی اور ن لیگ آج سر جوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما حسن مرتضیٰ وفد کے ہمراہ آج ماڈل ٹاؤن پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی کا وفد دوپہر 1 بجے حمزہ شہباز سے ملاقات کے لئے ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں حسن مرتضی اور حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کے مستقبل اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے، قانونی پہلوؤں پر غور ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں وزیر اعلیٰ الیکشن پر نظر ثانی کی درخواست پر از سر نو قانونی مشاورت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اجلاس کے بعد حسن مرتضیٰ، عظمی بخاری اور عطااللہ تارڑ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ممبران اسمبلی پر مشتمل ہے، اس وقت تحریک انصاف کی اسمبلی میں 180 جبکہ ق لیگ کی 10 نشستیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی اسمبلی میں ممبران کی تعداد 167، پی پی 7، آزاد 5 جبکہ راہ حق پارٹی کا 1 رکن ہے، اپوزیشن کی کل ملا کر اسمبلی ممبران کی تعداد 180 بنتی ہے۔
دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے مسلم لیگ ن کے 18 اراکین پر 15 اجلاسوں میں شرکت پر پابندی عائد ہے اور اس کے بعد اپوزیشن کے پاس اسمبلی منبران کی تعداد 162 رہ جاتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چوہدری نثار نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا۔ اسمبلی ممبران نمبرز کے حساب سے اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں کروا سکتی۔
ن لیگ تحفظات کا شکار ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی صورت میں پرویز الہیٰ کی حکومت آئندہ 6 ماہ کے لیے محوظ ہو جائے گی۔