اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما اسد عمرنے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ریٹائرمنٹ پرکہا ہے کہ جنرل (ر)باجوہ اپنے پیچھے سیاسی انتشار، بکھری ہوئی معیشت اورسب سے زیادہ بری چیز اپنے فیصلوں کے ذریعے عوام اور فوج کے درمیان اعتماد کے رشتے کو ٹھیس پہنچانے کی میراث چھوڑ گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا اپنے ایک اورٹوئٹ میں کہناتھا کہ جنرل عاصم منیر کی اولین ترجیح قوم اورفوجی قیادت کے درمیان احترام و محبت کا رشتہ بحال کرنا ہے،اسد عمرکاکہناتھا کہ نہ یہ رشتہ یک طرفہ ہو سکتا ہے اورنہ ہی طاقت اور جبر سے حاصل ہو سکتا ہے،پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ 8 ماہ کے فیصلوں نے اس رشتے کو بری طرح ٹھیس پہنچائی ہے، ملک کا دفاع کرنے والے فوجی پر قوم آج بھی ناز کرتی ہے۔
یاد رہے کہ جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں آرمی چیف کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے جنرل عاصم منیر کے ہمراہ یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی.