وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ ووٹ کوعزت دوکا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے، پنجاب میں اقتدار کے خواب دیکھنے والی اپوزیشن کے پاس نمبر ہی پورے نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے پاک فوج کی کمان میں تبدیلی کی تقریب میں شرکت کی ،وزیراعلیٰ پنجاب نے جنرل سید عاصم منیرکو چیف آف آرمی اسٹاف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ جنرل سید عاصم منیر پروفیشنل اورانتہائی قابل سولجر ہیں،نئے سپہ سالار کی قیادت میں پاک افواج اپنی کامرانیوں کے سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دفاعی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلیے جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ ساز کردار اداکیا۔
وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کا کہناتھا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اورہم عمران خان کے ساتھ ہیں،پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے،ملک بچانے کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے،جو ملک بچانے نکلے تھے اب ان سے اپنی سیاست بھی نہیں بچ رہی۔