وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر قانون و سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا وزارت سے استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے 24 اکتوبر کو وزیر قانون کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جس کا ایک سبب بطور مہمان خصوصی لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں بعض قابل اعتراض نعروں پر خاموش رہنے پر اہم حلقوں کی ناراضگی بتایا گیا تھا، تاہم بعض ذرائع اس کی وجہ ججوں کے تقرر کے معاملے پر حکومت اور عدلیہ کے درمیان اختلافات کو قرار دے رہے تھے۔
منگل کے روز وفاقی وزرا کے وفد نے سینیٹراعظم نذیرتارڑ سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
انہیں بتایا گیا ،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اعظم نذیرتارڑ وزیرقانون کے منصب پرذمہ داریاں جاری رکھیں۔
ڈرائع کا کہنا ہے کہ اعظم نذیر تارڑ نے بار میں اپنےگروپ کے رہنماؤں کواعتماد میں لےکرکابینہ میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وزیراعظم کی درخواست پروہ کل سے پھر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔