کراچی: ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے برائے سیشن 23-2022 کے لئے صوبہ سندھ میں قائم پراونشیل ایڈمیشن کمیٹی کے چیئر مین اور ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہاہے کہ صوبہ سندھ میں داخلوں کا عمل جمعرات یکم دسمبر سے شروع ہورہاہے اس ضمن میں تمام تفصیلات ویب سائٹس اور اخبارات کے زریعے فراہم کردی گئی ہیں۔ بدھ کے روز جاری بیان میں پروفیسر محمد سعید قریشی نے بعض حلقوں کی جانب سے پھیلائے جانے والے اس تاثر کی تردید کی ہے کہ ایم ڈی کیٹ سیشن23- 2022 میں صوبے کے کسی خاص علاقے ضلع کے لئے میرٹ پر کوئی سمجھوتہ کیا گیا ہے یا کسی کو نقصان پہنچایا گیا ہے- ایم ڈی کیٹ 13 نومبر کوپورے صوبے میں خالص میرٹ کی بنیاد پر پرامن انداز میں کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر منعقد ہوئے، طلبہ کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے ڈاو یونیورسٹی نےسندھ کے تمام امیدواروں کو 8نمبر اضافی دیدئیے۔ اپنے وضاحتی بیان میں پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کی ڈاؤ یونیورسٹی ملک کی معتبر میڈیکل یونیورسٹی ہے جہاں کسی تعصب کے بغیر میرٹ پر ہزاروں طلبہ زیر تعلیم ہیں، اس یونیورسٹی پر بعض مخصوص مقاصد کے تحت الزام عائد کرنا ناپسندیدہ فعل ہے ،جسے ملک کے تعلیم یافتہ حلقوں میں نا پسند کیا جا رہا ہے۔ پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ خاص پیشہ ورانہ تعلیم کا معاملہ ہے۔ اس پر سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ داخلوں کا عمل شروع کرنے میں کچھ توقف اس لیے ہواکہ حیدرآ باد انٹر بورڈ نے پری میڈیکل کے نتائج کا اعلان نہیں کیا تھا ۔انہوں نے واضح کیا کہ ہر جائز شکایت کاازالہ میرٹ کے اصولوں کے مطابق کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos