ایران، قومی فٹ بال ٹیم کی شکست پر جشن منانےوالا شخص قتل

ایران (اُمت نیوز)ایران کے فٹبال ورلڈکپ سے باہر ہونے پر جشن منانے والے شخص کو قتل کر دیا گیاہے،
منگل کی رات کو قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں گروپ بی کے میچ میں امریکا نے ایران کو ایک صفر سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔امریکا سے شکست کے بعد ایران فیفا ورلڈکپ سے باہر ہوگیاہے
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹیم کی ہار پر ایران میں حکومت مخالف مظاہرین نے ورلڈکپ سے قومی فٹ بال ٹیم کے باہر ہونے پر جشن منایا۔
ٹیم کی شکست کا جشن منانے والوں میں سے ایک شخص کو ایرانی سکیورٹی فورسز نے مبینہ طور پرگولی مار کر ہلاک کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق مہران سمک نامی شخص کو منگل کی رات کو شہر بندر انزالی میں سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ ٹیم کی ہار کا جشن مناتے ہوئے گاڑی کا ہارن بجا رہا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دوسرے شہروں میں بھی ایران کی شکست پر ملک کی سڑکوں پر مظاہرین کو خوشی اور رقص کرتے دیکھا گیا۔بہت سے ایرانیوں نے فٹبال ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔