راولپنڈی ٹیسٹ،دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان کے 181 رنز

راولپنڈی ( اُمت نیوز) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنا لئے ہیں۔
راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا آغاز مہمان ٹیم نے 506 رنز اور 4 وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ بیٹنگ سے کیا۔ بین سٹوکس جو کہ گزشتہ روز ناٹ آؤٹ رہے تھے وہ زیادہ دیر تک کریز پر موجود نہ رہ سکے اور41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ہیری بروک جو کہ بین سٹوکس کا ساتھ دے رہے تھے وہ بھی کچھ دیر بعد ہی 153 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ول جیکس 30، اولی روبنسن 37 اور جیک لیچ 6 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلش ٹیم دوسرے روز بیٹنگ کرتے ہوئے 26 اوورز میں 151 رنز ہی بنا پائی اور انکے سارے کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4، نسیم شاہ نے 3، محمد علی نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے روز پاکستان کے بلے بازوں نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک 51 اوورز کھیل کر 181 رنز بنا لیے ہیں۔ انگلینڈ کی اننگز کے اختتام کے بعد پاکستان کے جانب سے امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور انگلش باؤلرز کے خلاف دفاعی انداز اپنایا۔
دونوں اوپنرز نے بلے بازی کرتے ہوئے 181 رنز کی شراکت بنائی۔ امام الحق 148 بالز کھیل کر 60 اشاریہ 35 کے سٹرائیک ریٹس کے ساتھ 90 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ جبکہ عبداللہ شفیق 158 بالز پر 56 اشاریہ 35 سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔