لاہور(اُمت نیوز)اکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے تمام 26 اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے چیئرمین عمران خان کو پیش کردیے۔
میڈیا نیوزکے مطابق زمان پارک کی رہائش گاہ پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کی قیادت میں پارلیمانی پارٹی نے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ جس میں قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ اور پارلیمانی رہنما خرم شیر زمان سمیت دیگر موجود تھے۔
ملاقات میں سندھ کے تمام 26 اراکین صوبائی اسمبلی کے استعفے چیئرمین عمران خان کو پیش کیے اور حقیقی آزادی کی تحریک کی بھرپور حمایت و تائید کرتے ہوئے عمران خان کا ہر صورت ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی سندھ نے کہا ہک صوبائی اسمبلی کی نشستیں چیئرمین اور پارٹی کی امانت ہیں، سندھ میں عمران خان کے سپاہی ہیں، کپتان جب حکم دیں گے اسمبلی سے نکل کر کرپٹ زرداری راج کا مقابلہ کریں گے، اہلِ سندھ اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے عمران خان کے دست و بازو ہیں۔
پارلیمانی پارٹی نے کہا کہ سندھ کرپٹ، نااہل، بددیانت اور سفاک راج سے نجات چاہتا ہے، آئندہ انتخابات میں سندھ میں تحریک انصاف ہی واحد اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان صحت یاب ہوتے ہی سب سے پہلے سیاسی باونسرز کا رخ سندھ کی طرف کریں گے، عمران خان کا دورۂ سندھ صوبے کے مستقبل کی سیاست کا تعین کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا اشارہ ملتے ہی پنجاب اسمبلی تحلیل کردیں گے، پرویز الہیٰ
انہوں نے کہا کہ عمران خان جنوری میں سندھ سے سیاسی دوروں کا آغاز کریں گے، آج ملاقات میں عمران خان سے سندھ کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔