اے این ایف کی کارروائیاں

اے این ایف کی کارروائیاں، کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس نے لاہور عبدالمالک انٹرچینج، پنجگور اور باچہ خان ایئرپورٹ پر کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے  مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اے این ایف کی ٹیم نے  عبدالما لک انٹرچینج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کار سے 64 کلو 800 گرام چرس اور 7 کلو 200 گرام افیون برآمد کرلی، ٹیم نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں افغان باشندہ بھی شامل ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف اور اے ایس ایف کی ٹیموں نے باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فلائٹ نمبر EK 637 سے مانچسٹر جانے والے ملزم کے بیگ سے 946 گرام چرس برآمد کرلی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جو کہ آزاد کشمیر کا رہائشی ہے۔

اسی طرح اے این ایف نے پنجگور میں کارروائی کرتے ہوئے مشکوک اور غیر رجسٹرڈ شدہ موٹر سائیکل سے 10 کلو چرس برآمد کرلی، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیا گیا ہے۔