لاہور: کوٹ لکھپت میں زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق زیادتی کی شکار ایک خاتون مہوش نے بچوں اور شوہر کے ہمراہ زمان پارک عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ تین ماہ قبل چار ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا، پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے صلح کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ سب انسپکٹر ارم شہزادی نے مرکزی ملزم اکرام کے سامنے مجھے تھپڑ مارے، انویسٹی گیشن پولیس نے ملزم کو رشوت کے عوض چھوڑ دیا، عمران خان نوٹس لے کر وزیراعلی پنجاب کو ملزمان گرفتار کرنے کا حکم دیں۔
متاثرہ خاتون کے شوہر نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔