دہشت گردی قبول نہیں کرینگے

اپنی سرزمین پر دہشت گردی قبول نہیں کرینگے، سوات قومی جرگہ

سوات (بیورورپورٹ) سوات قومی جرگہ نے سوات میں بدامنی کے خاتمے اور مکمل پائیدار امن کے لیے جدو جہد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت اپنی سرزمین پر دہشت گرد یا دہشت گردی کو قبول نہیں کریں گے۔ سوات قومی جرگہ کا گرینڈ جرگہ ودودیہ ہال سیدو شریف میں منعقد ہوا جس میں ملاکنڈ ڈویژن کے علاقائی مشران، تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی عہدیداروں، تمام فعال تنظیموں اور بونیر، اپر اور لوئر دیر، ملاکنڈ اورشانگلہ کے مشران نے بھی شرکت کی۔ جرگہ میں سوات قومی جرگہ کے تمام مشران عبدالجبار خان، خورشید کاکا جی، احمد شاہ، مختیار یوسف زئی، خواجہ محمد خان، سید صادق عزیز، اے این پی سے ایوب خان اشاڑے، مسلم لیگ ن سے سید حبیب علی شاہ، قومی وطن پارٹی سے شیر بہادر خان، پیپلز پارٹی سے عرفان چٹان، جماعت اسلامی سے اختر علی، جمیعت العلمائے اسلام سے سابق صوبائی وزیر قاری محمود، پختونخوا ملی عوامی پارٹی سے ڈاکٹر خالد محمود خالد، شانگلہ سے متوکل خان، بونیر سے میاں سید لائق باچا، ملاکنڈ سے اعجاز خان، دیر لوئر سے حسین شاہ خان، دیر اپر سے ملک بہرام خان اور دیر قومی پاسون سے ملک جہان عالم خان اور سابق صوبائی وزیر ملک جہانزیب خان نے شرکت کی۔ سوات قومی جرگہ کے اعلامیے کے مطابق جرگہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن میں عوام کسی بھی قسم کی دہشت گردی قبول نہیں کریں گے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اگر سوات میں یا ملاکنڈ ڈویژن میں کسی بھی صورت دہشت گردی کی کوشش کی گئی، تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ جرگہ نے سوات موٹر وے فیز ٹو کو خوش آئند منصوبہ قراردیا اور کہا کہ سوات میں زرعی زمینیں کم ہیں ، اس لیے زرعی زمینوں اور باغات پر موٹر کو تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔ جرگہ کے اعلامیے کے مطابق آرٹیکل 247 کے تحت ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ غیر آئینی ہے، ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے دہشت گردی، آپریشن اور سیلاب کی وجہ سے نقصانات اٹھائے اور اسی وجہ سے 85 فیصد لوگوں کا کاروبار تباہ ہوچکا ہے۔ اس لیے جرگہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی حیثیت بحال کی جائے اور اگر یہاں پر کسی بھی قسم ٹیکس لگانے کی کوشش کی گئی، تو اس عمل کی بھرپور طریقے سے مزاحمت کی جائے گی، جس کی ذمے داری حکومت پر عائد ہوگی۔ جرگہ نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نئے سیاحتی علاقوں کے قیام کے لیے لوگوں سے زبردستی ان کی زمینیں نہ ہتھیائیں اور اگر حکومت ضرورت محسوس کرے، تو یہ زمینیں سرمایہ کاروں کے لیے مالکان سے لیز پر حاصل کریں۔ ایک قرارداد میں ممبرانِ صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک اور فیصل زیب کے گھروں پر حملوں اور دھمکیوں کی شدید مذمت کی۔ جرگہ نے حکومتی ترجمان بیرسٹر سیف کو فوری طور پر فارغ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔