چین : کرونا پالیسی میں نرمی، کاروبار کرنے کی اجازت

بیجنگ : چین میں زیرو کووڈ پالیسی میں نرمی کا سلسلہ جاری ہے، بیجنگ اور دیگر شہروں میں کرونا ٹیسٹنگ کے قواعد میں مزید نرمی کی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بیجنگ میں آج سے کاروبار مکمل طور پر کھول دیا گیا ہےجبکہ  پبلک ٹرانسپورٹ میں 48 گھنٹوں میں کرائے گئے کرونا ٹیسٹ کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔شنگھائی میں حالیہ کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے بغیر پارک اور دیگر سیاحتی مقامات پر اب داخلے کی اجازت ہو گی۔

ہینگزہو میں پوری آبادی کی باقاعدہ بڑے پیمانے پر ہونے والی ٹیسٹنگ ختم کر دی گئی۔ ارمچی میں سپر مارکیٹس، ہوٹل، ریسٹورنٹ اور اسکی ریزورٹ دوبارہ کھل گئے۔ چین کے مختلف شہروں میں کرونا پابندیوں میں نرمی اور لاک ڈاؤن ختم بھی کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چین کی زیرو کووڈ پالیسی کے خلاف بیجنگ سمیت مختلف شہروں مظاہرے کیے گئے تھے۔  دوسری جانب چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 30 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔