اسلام آباد (امت نیوز)وزیرمملکت برائے پیٹرولیم کا کہناہے کہ دورہ روس توقعات سے زیادہ کامیاب رہا ۔دونوں ملکوں کے درمیان مثبت مذاکرات ہوئے ۔ روس پاکستان کو رعایتی نرخوں پر تیل فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔ ریفائنری پروڈکٹس پیٹرول اور ڈیزل پر ڈسکاؤنٹ ملے گا
وزیرمملکت نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایل این جی سیکٹر کے حوالے سے روس کی کمپنیوں سے بات چیت ہوئی۔روس نے ہمیں دعوت دی ہے کہ سال دوہزار پچیس اور چھبیس کیلئے معاہدے شروع کریں، ایل این جی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ روس کے سرکاری سیکٹر سے بھی بات ہوئی، پائپ لائن کے حوالے سے تھوڑی آسانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
گیس کے بحران پربات کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ہمارے کنوؤں سے نکلنے والی گیس ہر سال 8 سے 10 فیصد کم ہوتی جارہی ہے گزشتہ سال کی نسبت گیس کی طلب بڑھ چکی ہے، تاہم گزشتہ سال کی نسبت طلب میں اضافے کے باجود گیس فراہمی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روس کا سرکاری وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا جس کی سربراہی روس کے انرجی کے وزیر کریں گے اس دورے میں کئی مفید فیصلے ہونے کی توقعات ہیں