فٹ بال ورلڈ کپ میں برازیل نے جنوبی کوریا کو چار ایک سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
دوحا کے نائن سیون فور اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں برازیل کی ٹیم شروع سے ہی جنوبی کوریا پر حاوی رہی، اُن کی جانب سےساتویں منٹ میں اسکورنگ کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ پھر پہلے ہاف میں وقفے وقفے سے جاری رہا۔
پہلا گول ونشیز جونیئر نے نیمار کے پاس پر کیا، دوسرا گول نیمار نے پنالٹی کک پر تیرہویں منٹ میں بنایا، 29 ویں منٹ میں رچرلیسن نے گیند جنوبی کوریا کے جال میں پہنچائی جبکہ 36 ویں منٹ میں لوکاس پیوکیٹا نے گیند کو حریف ٹیم کے جال کا راستہ دکھایا۔
وقفے پر برازیل کو چار صفر کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی برازیلین کھلاڑیوں نے جنوبی کوریا کے گول پر حملے کیے مگر اُن کو کامیابی نہیں ملی،البتہ جنوبی کوریا نے گول کردیا جو اُن کے کھلاڑی پیک سیونگ ہو نے 76ویں منٹ میں بنایا۔
بقیہ وقت میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، برازیل نے یہ میچ چار ایک سے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں وہ کروشیا کے مدمقابل آئے گی