اسلام آباد: ( امت نیوز ) وزیراعظم شہبازشریف اور جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے اتفاق کیا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے اور اس بارے میں کوئی دباو قبول نہیں کیا جائے گا۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی حکومت معاشی امور پر مکمل توجہ دے رہی ہے، جلد قوم کو ریلیف دیں گے۔ملاقات میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت کا ہر سطح پر مقابلہ کرنے، عمران خان کی کسی دھمکی کا اثر نہ لینے کا اتفاق کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے والا پہلے اپنے اندرونی خلفشار کو سنبھالے ۔ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہ قبل از وقت الیکشن ہوں گے اور نہ کوئی دباؤ قبول ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پی ڈی ایم کا اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا۔