اسلام آباد ( امت نیوز ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ ہم معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئےسعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائے گئے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں مزید تین ماہ کی توسیع کی ہے، تاہم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے جلد مزید تعاون کی بھی توقع ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی بہت ضرورت ہے، ہم معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔
سعودی سفیر نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا تھا جسے ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ دورہ ہوگا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان آئیں گے، ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔