لاہور (امت نیوز) حکومت پنجاب نے صوبائی کابینہ میں توسیع کر دی، خیال احمد کاسترو نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے خیال کاسترو سے حلف لیا، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہی نے حلف برداری میں شرکت کی۔
تقریب میں صوبائی وزیر راجہ بشارت، ارکان اسمبلی میاں شفیع، حافظ ممتاز، پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم محمد خان بھٹی اور اہم شخصیات سمیت صوبائی سیکرٹریز اور حکومت پنجاب کے دیگر حکام بھی شریک ہوئے
ادھر زمان پارک میں سینئر رہنما نے اعتراض کیا کہ آج کابینہ میں توسیع ہوئی ہے ، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
عمران خان نے خیال کاسترو کے وزیر بننے پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ آپ وزیر بن رہے ہیں، میں تو سمجھا تھا کہ کسی محکمے کی سربراہی دینا ہے، چلیں کوئی بات نہیں لیکن آپ کے وزیر بننے سے ہمارے بیانیے کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کررکھا ہے