اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو وطن واپسی پر گرفتاری سے روکنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے فوری سماعت کیلیے مقرر کرلی۔
درخواست پر کل اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق سماعت کریں گے۔
سلیمان شہباز نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ وکیل امجد پرویز کے ذریعےدائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ دو ہفتے کی حفاظتی ضمانت دی جائے۔
نومبر 2020 کے ایف آئی اے لاہور سرکل کے مقدمہ میں درخواست دائر کی گئی، ڈی جی ایف آئی اے و دیگر کو درخواست میں فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بزنس مین ہوں منی لانڈرنگ کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا، کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہا ۔ منی لانڈرنگ کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، بزنس مین ہونے کے ناطے تمام شیئرز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہیں۔
سلمان شہباز نے کہا کہ وہ 27 اکتوبر 2018 سے برطانیہ میں ہیں لیکن کبھی ایف آئی اے کا نوٹس نہیں ملا، ایف آئی اے نے ان کے خلاف مقدمہ ان کی غیر حاضری میں درج کیا، 2018 میں بیرون ملک گیا ۔2020 میں مقدمہ بنا اور اس کے بعد اشتہاری قرار دیا گیا لہٰذا عدالت دو ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔