بنگلا دیش نے بھارت کو شکست دے کر ون ڈے سیریز جیت لی

ڈھاکا (اُمت نیوز) بنگلا دیش نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے 3 میچز کی ون ڈے سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔
ڈھاکا میں جاری دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے حق میں بہتر ثابت ہوا۔ میزبان ٹیم کی ٹاپ اور مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اچھا کھیل پیش نہ کر سکی ان کے 69 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
چھٹے نمبر پر آنے والے بیٹر محمود اللہ نے 8 ویں نمبر کے بیٹر مہدی حسن کے ساتھ مل کر ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا سکور 271 تک پہنچا دیا۔ محمود اللہ 96 گیند کھیل کر 77 جبکہ مہدی حسن نے 83 گیند پر 100 سکور کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 3، محمد سراج اور عمران ملک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مہمان ٹیم نے 272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو انکا ٹاپ آرڈر خاص بیٹنگ نہ کر سکا۔ ویرات کوہلی 5، شیکھر دھوان 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد شریاس نے تھوڑی مزاحمت کر کے ٹیم کو جیت کے راستے پر ڈالا لیکن ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکا۔
بھارت کی تمام ٹیم 266 رنز ہی بنا سکی جبکہ شریاس نے 82، اکشر پٹیل 56 اور روہت شرما 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے عبادت حسین نے 3، مہدی حسن اور شکیب الحسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔