لاہور (امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے دعویٰ کیا ہےکہ عمران خان چند دنوں میں صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق زمان پارک میں عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ کہ تمام اراکین نے اسمبلی کی تحلیل کا مکمل اختیار عمران خان کو دے دیا ہے اور وہ اگلے چند روز میں پنجاب و خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے ہمارے ارکان پہلے ہی باہر آچکے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل ہونے کا معاملہ چل رہا ہے اس لیے اب ہم عملی طور پر پارلیمان کا حصہ نہیں ہیں۔
شاہ محمود نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پنجاب اور کے پی میں رمضان سے پہلے الیکشن کا عمل مکمل اور نئی حکومت آجائے، معیشت تیزی کے ساتھ تنزلی کی طرف جارہی ہے کیونکہ اب ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے معاملات کے حل کے لیے صدر مملکت کے توسط سے بات چیت کرنے کی کوشش کی مگر حکومت کے ساتھ فاصلوں میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، ہم اداروں کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کو بھی دور کرنے کے لیے کردار ادا کررہے ہیں کیونکہ یہ ملکی مفاد میں ہے اور ہم کوئی نقصان دہ قدم اٹھانا نہیں چاہتے۔