اعظم سواتی کوکچلاک عدالت میں پیش نہ کیا جائے، وکلاء کی درخواست

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کے وکلاء نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، کچلاک عدالت میں پیش نہ کیا جائے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کے وکلاء نے کچلاک میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں اپنے موکل کو کچلاک عدالت میں پیش نہ کرنے سے متعلق درخواست دائر کردی۔
درخواست گزار وکلاء کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور ان کی عمر 73 برس سے زائد ہے، ان کو جان کا خطرہ ہے، شہر سے دور کچلاک عدالت میں پیش نہ کیا جائے۔
وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کچھ دن قبل ہی کچلاک ہائی وے پر پولیس ٹرک پر دھماکا ہوا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کوئٹہ سے 15 کلومیٹر دور سینیٹر اعظم سواتی کو لانا بھی رسک ہے۔
مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو کچلاک تھانے میں کیوں نہیں رکھا گیا۔