کراچی:ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹرسیف الرحمن نے شہر بھر میں چارجڈ پارکنگ عارضی طور پر ختم کردی اور ہدایت دی ہے کہ جب تک نئے ٹھیکے الاٹ نہ کیے جائیں اس وقت شہر بھر میں پا رکنگ فیس وصول نہ کی جائے۔
یہ ہدایت انہوں نے ایڈ منسٹریٹر کراچی کا چارج لینے کے بعد محکموں کے سربراہان کے اجلاس میں دی۔ قبل ازیں نئے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمن کے ایم سی کے دفتر پہنچے تو ان کا استقبال کیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر نے اجلاس میں کہا کہ کراچی میں فوری طور پر چارجڈ پارکنگ ختم کی جاتی ہے، شہر میں کے ایم سی کی حدود میں کو ئی پارکنگ فیس وصول نہ کرے، جب تک نیا آکشن نہیں ہوجاتا فیس وصول نہ کی جائے۔
انہوں نے حکم دیا کہ فوری طورپرشہر سے پارکنگ کے اسٹاف کو ہٹالیا جائے۔ انہوں ںے واضح طور پر افسران کو پیغام دیا کہ کے ایم سی کا افسران وعملہ کسی قسم کی پارکنگ یا کوئی دوسرا ٹھیکہ نہیں چلائے گا، اگر کوئی اس میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔