بنگلہ دیش مظاہرے ، بی این پی کا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

بنگلہ دیش(اُمت نیوز) ایندھن کی قیمتوں اور بجلی کے شٹ ڈاؤن کے خلاف مظاہرے جاری، اپوزیشن نے حکومت سے مستعفی ہوکر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے آج وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے، بی این پی وزیراعظم سے مستعفی ہو کر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
ڈھاکا پولیس نے آج کی ریلی روکنے کیلئے جگہ جگہ چیک پوائنٹس بنا لیے، وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف آج نکالی جانے والی ریلی کو روکنے کیلئے اپوزیشن پارٹی بی این پی کے دو اہم رہنماؤں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
بی این پی کے پارٹی ترجمان کے مطابق کل کی ریلی روکنے کیلئے پارٹی کے دو اہم رہنماؤں سمیت تقریباً دو ہزار کارکنان بھی گرفتار کئے جا چکے ہیں۔
ڈھاکا پولیس کے مطابق بی این پی کے سیکرٹری جنرل مرزا فخرالاسلا م عالمگیر اور سابق وزیر مرزا عباس کو تشدد پر اکسانے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور بجلی کے شٹ ڈاؤن کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، بدھ کو ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے میں 1 شخص ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔