روس پر ایٹمی حملہ کرنے والے ملک کانام مٹا دیا جائے گا، پیوٹن

روس(اُمت نیوز)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی ملک نے روس پر ایٹمی حملہ کیا تو اسے زمین کے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیوٹن نے واضح کیا ہے کہ روس کے جدید ترین ہائپرسونک ہتھیار کسی بھی ایسے ملک کو منہ توڑ جواب دیں گے جو روس پر ایٹمی حملہ کرنے کی جرات کرے گا۔
انہوں نے خبر دار کیا کہ اگر کسی بھی ملک نے روس پر ایٹمی حملہ کرنے کی ہمت کی تو اسے نقشے سے مٹا دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ یوکرین جنگ کے حوالے سے صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بھرتی کیے گئےڈیڑھ لاکھ فوجی یوکرین میں جنگ لڑنے کے لیے منتظر ہیں تاہم انہوں نے یوکرین میں فوری طور پر اضافی فوجی بھیجنے سے انکار کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر نے مزید کہا کہ روس تیل کی پیداوار میں کمی کر سکتا ہے اور کسی ایسے ملک کو تیل فروخت نہیں کرے گا جو مغرب کی قیمتوں پر روسی تیل خریدنے پر زور دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے واضح کیا تھا کہ ایٹمی جنگ کا خطرہ ضرور بڑھ رہا ہے لیکن روس کبھی بھی ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہیں کرے گا۔