لاہور: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ منشیات برآمدگی کیس میں بری ہو گئے۔
انسداد منشیات عدالت لاہور میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی منشیات برآمدگی کیس میں بریت کی درخواست سے متعلق سماعت ہوئی۔ پراسیکیوشن کے 2 گواہان نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے حق میں بیان دیدیا۔
انسپکٹر احسان اعظم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرامتیاز چیمہ نے بیان حلفی عدالت میں جمع کرا دیا۔ پراسیکیوشن گواہ نے کہا کہ ہمارے سامنے رانا ثنا اللہ سے کوئی منشیات برآمدگی نہیں ہوئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پراسیکیوشن کے پاس ٹھوس شوائد نہیں ہیں اور سیاسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ فواد چودھری کے میڈیا پر بیان کے بعد مقدمے کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت رانا ثنا اللہ کو بری کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو منشیات برآمدگی کیس میں یکم جولائی 2019 کو گرفتارکیا گیا تھا اور گرفتاری سے اگلے روز رانا ثنا اللہ کو جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔رانا ثنا اللہ کی کیس میں 24 دسمبر 2019 کو لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہوئی تھی۔