ملتان (اُمت نیوز)انگلش کرکٹ ٹیم کے اسپنر جیک لیچ نے کہا ہے کہ ملتان کی پچ پر بولنگ کرکے انجوائے کیا، ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن ہمارے لیے اچھا رہا ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران انگلش کرکٹر نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بین ڈکٹ اور ہیری بروک نے اچھی بیٹنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ ملتان کی پچ بیٹنگ کے لیے اتنی آسان نہیں ہے، پنڈی کے مقابلے میں یہاں کی پچ مختلف ہے۔
جیک لیچ نے مزید کہا کہ میں نے اس پچ پر بولنگ کر کے انجوائے کیا، مجھے اُمید ہے کہ تیسرے روز بھی اسی طرح کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں، ہمارا آج کا آغاز اچھا تھا، جس کا ہمیں فائدہ ہوا ہے، ہمیں وقفے وقفے سے وکٹیں ملتی رہیں۔
ملتان ٹیسٹ میں جیک لیچ نے پاکستان کی پہلی اننگز میں 98 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔