چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملےکی تحقیقات میں طلبی کے باجود فیصل واوڈا اور کوئی دوسرا پی ٹی آئی رہنما جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے عمران خان پر حملےکی تحقیقات کے لیے فیصل واوڈا کے علاوہ تحریک انصاف کی یاسمین راشد، حماداظہر اور فیصل جاوید سمیت 35 افراد کوہفتے کے روز صبح گیارہ بجے طلب کیا تھا تاہم اس کے باوجود فیصل واوڈا سمیت کوئی رہنما یا کارکن جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جے آئی ٹی نے فیصل واوڈا کو تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی تھی۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے آزادی مارچ میں خون خرابہ ہونے سے متعلق بیان دیا تھا۔
گذشتہ ماہ 3 نومبر کو پنجاب کے شہر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے تھے۔