سیالکوٹ:مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہناہے کہ جب قومیں جعلی اور فراڈئیے لیڈرز کے پیچھے چلنا شروع ہو جائیں توعذاب بھی آتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سیالکوٹ میں ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ عمران پاکستان پر اچانک نازل نہیں ہوا، باقاعدہ منصوبے کے تحت ایک شخص کو اقتدار میں لایا گیا،معاشرے کی نئی نسل کو تباہ کر دیا گیا۔
ان کاکہناتھا کہ 8ماہ سے اس تگ و دو میں ہیں کہ معیشت کو سنبھالا دیا جائے، مہنگائی سے جان چھڑا کر نواز شریف والے سفر کا دوبارہ آغاز کیا جائے،شہباز شریف اور ہمارے دوسرے قائدین اسی کوشش میں ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم مہنگائی، بجلی گیس کے بلوں سے جان چھڑائیں، پھر سیلاب آگیا،سیلاب کے باعث کروڑوں لوگ متاثر ہوئے،ملک میں کروڑوں لوگوں کے سر پر چھت نہیں،سندھ اور بلوچستان میں آج بھی پانی کھڑا ہے۔
لیگی رہنما نے کہاکہ جب قومیں جعلی اور فراڈیے لیڈرز کے پیچھے چلنا شروع ہوجائیں تو عذاب بھی آتے ہیں، ہمیں بد نام کرنے کیلیے میڈیا ٹرائل کیا گیا،مسلم لیگ ن کے خلاف جعلی مقدمات بنائے گئے۔
ان کا کہناتھا کہ شہبازشریف سے برطانوی اخبار نے معافی مانگی،برطانیہ کے عدالتی نظام سے شہبازشریف کو انصاف ملا،خواجہ آصف نے کہاکہ رانا ثنا اللہ پر جھوٹے کیسز بنائے گئے انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں،آج وہ کہاں ہے جو کہتا تھا کہ جان اللہ کو دینی ہے ،عمران خان صبح و شام اپنے محسنوں پر لعن طعن کرتاہے،اس کی اقتدار اور دولت کی ہوس کی کوئی حد نہیں۔