اسلام آباد:دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کا وفد پاکستان پہنچ گیا، گوگل پاکستان میں بطور کمپنی خود کو رجسٹر کروا چکا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق گوگل کا وفد کہ وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سے ملاقات کرے گا، وفد وزیر قانون اور چیئرمین پی ٹی اے سے بھی ملاقاتیں کرے گا، گوگل کا وفد دیگر اہم عہدیداروں سے بھی ملاقات کرے گا،ملاقاتوں میں پاکستان میں گوگل کا دفتر کھولنے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔
فاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ گوگل وفد کو پاکستان میں دفتر کھولنےپر قائل کریں گے، گوگل فیس بک سمیت دیگر پلیٹ فارمز پاکستان سے کروڑوں ڈالرز کماتے ہیں۔ پاکستان میں دفتر قائم کرنا چاہئے جس سے یہاں کے نوجوانوں کو ملازمت ملے گی ، دفتر کھولنے سے انہیں پاکستان کی ثقافت ،اور روایات کا علم ہو گا۔
امین الحق نے کہا کہ کسی بھی تنازع کی صورت میں ہم دفتر سے رجوع کرسکیں گے، ریاست، مذہب اور کلچر کے خلاف مواد کو ڈیلیٹ کروا سکتے ہیں۔
امت رپورٹ کے مطابق گوگل آفس یوٹیوب سمیت گوگل کی تمام ایپلی کیشنز سے متعلق امور کی نگرانی کرے گا، گوگل ایڈورٹائزنگ سے متعلق معاملات پر صارفین کو فوری ریسپانس مل سکے گا، گوگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل ہوگا۔
اس سے قبل ایک بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں اپنا رابطہ آفس کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے، امید ہے فیس بک بھی اس ضمن میں جلد ہی اپنا فیصلہ جاری کرے گا، پاکستان میں بین الاقوامی اداروں کے دفاتر کھولنے کیلئے وزارت آئی ٹی مسلسل ان ادراوں سے رابطے میں ہے۔