وزیرآباد(اُمت نیوز)وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیس میں جے آئی ٹی نے انسداد دہشتگردی عدالت میں عبوری چالان جمع کروا دیا۔
چالان کے مطابق 3 نومبر شام 4 بجے کنٹینر کے بائیں جانب کھڑے ملزم نوید نے فائرنگ کی، جس سے عمران خان سمیت10 افراد زخمی اور معظم جاں بحق ہوا۔
چالان کے مطابق وقوعہ کی وائرل ویڈیوز سے ملزم کا فوٹوگرامیٹری اور وائس کمپیریژن ٹیسٹ کروایا جائے گا۔
عبوری چالان کے مطابق دوران تفتیش ملزم سے 30 بور پستول اور موٹرسائیکل برآمد ہوا، ملزم کو پولی گراف ٹیسٹ کیلئے لے جایا گیا، طبعیت خراب ہونے پر ملزم نوید کا پولی گراف ٹیسٹ نہیں ہو سکا، 14دسمبر کو ملزم کو دوبارہ پولی گراف ٹیسٹ کیلئے لے جایا جائے گا۔
عدالت نےدرخواست پر مرکزی ملزم نوید کو مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جےآئی ٹی کےحوالے کر دیا۔