کابل: ہوٹل کے قریب دھماکا و فائرنگ، 3 حملہ آور ہلاک

کابل (اُمت نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ایک بڑے ہوٹل کے قریب زوردار دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کچھ دیر فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں حملہ آوروں کو مار دیا گیا، ہوٹل میں چینی باشندے اور دیگر غیرملکی قیام کرتے ہیں۔
طالبان حکام کے مطابق ہوٹل حملے میں دو غیرملکی زخمی ہوئے ہیں، کسی غیر ملکی کی ہلاکت نہیں ہوئی، دونوں زخمی غیرملکی ہوٹل کی بالکونی سے نیچے کودنے پر زخمی ہوئے۔
کابل کے علاقے شہرِنو میں حملہ آوروں نے ہوٹل کے نزدیک دھماکا کیا اور ہوٹل میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ کی، حملے میں ہوٹل کی ایک منزل پر آگ بھی لگ گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے عینی شاہد نے کہا کہ دھماکا بہت زوردار تھا اور اس کے بعد بہت دیر تک شدید فائرنگ ہوتی رہی۔
طالبان ذرائع نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ہوٹل پر حملہ کیا۔