پشاور(اُمت نیوز)پشاور کے نواحی علاقے ’خزانہ‘ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اقدام قتل کے ملزم کو چھڑوانے کیلئے تھانے پر دھاوا بول دیا، مقامی ایم پی اے آصف خان ان کارکنوں کی قیادت کر رہے ہیں۔علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اقدام قتل کے ملزم کو گرفتار کیا تو ایم پی اے انہیں چھڑوانے تھانے پہنچ گئے، ملزم تھانہ فقیر آباد پولیس کو جون 2022 سے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو رہا نہ کرنے پر ایم پی اے آصف خان کے ساتھ پولیس کی تکرار ہوئی، پی ٹی آئی کارکنان ملزم کو گرفتار کرنے والے ایس ایچ او کی معطلی کا مطالبہ لے کر تھانے کے سامنے جمع ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر جلا کر چارسدہ روڈ بند کردی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ایس ایچ او پولیس سٹیشن خزانہ کو معطل کردیا گیا
پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج ختم pic.twitter.com/okwDT1Csof— Muhammad Faheem (@MeFaheem) December 12, 2022
بعد ازاں ایم پی اے آصف خان اور ایس ایچ او خزانہ کے مابین تلخ کلامی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپشنز نے متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا اور ایس پی رورل کو تین دن میں معاملے کی انکوائری کے احکامات جاری کردیے۔