نئی دہلی ( اُمت نیوز) بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں میں ایل اے سی کے پاس ہندوستان اور چین کی فوج میں جھڑپ ہوئی جس سے دونوں جانب کے فوجی زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی فوجیوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایل اے سی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی، جس کا ہندوستانی فوج جواب دیا، دراصل چین کے فوجیوں نے گزشتہ 9 دسمبر کو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کو پار کرنے کی کوشش کی، جس کا ہندوستانی جوانوں نے مقابلہ کیا، اس دوران بھارت اور چین کے فوجیوں میں ہلکی جھڑپ ہوگئی، آمنے سامنے کی لڑائی میں دونوں فریقوں کے کچھ فوجیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ایل اے سی پر توانگ سیکٹر میں بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ پر رپورٹس میں بتایاگیا کہ دونوں فریق فوراً علاقہ سے پیچھے ہٹ گئے تھے، ہندوستانی کمانڈر نے توانگ سیکٹر میں ایل اے سی پر جھڑپ کے بعد امن بحال کرنے کیلئے چین کے اپنے ہم منصب سے فلیگ میٹنگ کی۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اروناچل پردیش میں توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کے ساتھ کچھ علاقوں میں الگ الگ تاثرات ہیں، جس میں دونوں فریق اپنے دعویٰ کی حد تک گشت کرتے ہیں، 2006 سے یہ روایت رہی ہے۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ چین کے فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں ہندوستانی فوج کے کم از کم 6 جوان زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کیلئے گواہاٹی لایا گیا۔