اسلام آباد: عدالت نے سلیمان شہباز کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے بعد عدالت نے سلیمان شہباز کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے موقع پر سلیمان شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج چار سال دو ماہ بعد پاکستان واپس آیا ہوں، ہم نے اپنے آپ کو عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے، پچھلے چار سال میں جو کھیل تماشا عمران خان نے ملک اور میری فیملی کے ساتھ کیا وہ ساری دنیا نے دیکھا۔
انھوں نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال احتساب کے نظام پر کالا دھبہ ہے، شریف فیملی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، شریف فیملی کے لوگوں کو گرفتار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا، رانا ثناء اللہ پر بھی ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، جس میں وہ بری ہو گئے، یہ ان کے لیے ایک تھپڑ ہے، شہزاد اکبر نے بھی پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا اور وہ اب پاکستان سے بھاگے ہوئے ہیں۔
سلیمان شہباز نے کہا عمران خان برطانیہ کے نظام انصاف کی مثالیں دیتے نہیں تھکتا، برطانیہ میں حکومت پاکستان کے کہنے ہر مقدمہ بنا اور 18 مہینے چلا، مجھے اور میرے والد کو این سی اے نے انٹیروگیٹ کیا، لیکن پھر بری کر دیا، جس ادارے سے ہمیں ریلیف ملے یہ ان ہر چڑھ دوڑتے ہیں۔