اسلام آباد(اُمت نیوز)حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے ریکوڈک معاملے پر اتحادی جماعتوں کو راضی کر لیاہے
ذرائع کے مطابق ریکوڈک کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کی نمائندگی وفاقی وزرا ایازصادق اور اعظم نذیر تارڑ نے کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت ریکوڈک منصوبے پر بلوچستان کا شیئر 25فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کا حصہ بڑھانے کیلئے ترمیمی بل لایا جا ئے گا اور بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی 2 اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بی این پی مینگل اور جے یو آئی کے وزرا نے ریکوڈک کے معاملے پر کابینہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
اس معاملے پر اختر مینگل نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا بھی اشارہ دیا۔