اسلام آباد:پاکستان نے چمن میں افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری پرافغانستان کے ناظم الامورکو دفتر خارجہ طلب کیااور شدید احتجاج ریکارڈکرایا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کی آبادی پربلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر افغان ناظم الامور کو طلب کرتے ہوئے حالیہ واقعات کی بھرپور مذمت کی گئی، بتایا گیا کہ حالیہ واقعات میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ شہریوں کا تحفظ فریقین کی ذمے داری ہے،افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات رکھنے کیلیے پرعزم ہیں، پاکستان اور افغانستان کے مابین سرحد اسی مقصد کیلیے بنی ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں پاک افغان سرحدی علاقے چمن کے قریب شدید فائرنگ کی گئی تھی ، ایک مکان پر گولہ گرنے سے شہری شہید جبکہ دو بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے تھے ۔