اسلام آباد (اُمت نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آگئی ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔
مبینہ آڈیو میں زلفی بخاری بشریٰ بی بی کو مرشد کہتے ہوئے سلام کہتے ہیں جس پر بشریٰ بی بی انہیں سلام کا جواب دے کر حال پوچھتی ہیں تو زلفی بخاری کہتے ہیں میں ٹھیک ہوں مرشد آپ کیسی ہیں۔
بشریٰ بی بی مبینہ طور پر زلفی بخاری سے کہتی ہیں خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں جو انہوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں تاکہ آپ انہیں بیچ دیں، وہ گھڑیاں خان صاحب کے زیر استعمال نہیں۔
دوسری جانب زلفی بخاری اپنی مبینہ آڈیو میں بول رہے ہیں کہ جی ضرور مرشد، میں کردوں گا۔
زلفی بخاری اور ڈاکٹر ارسلان خالد کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک کے بعد ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جو بشریٰ بی بی اور نگران بنی گالہ انعام خان کے درمیان ہونے والی گفتگو سے متعلق ہے۔
بشریٰ بی بی مبینہ آڈیو میں توشہ خانہ کی چیزوں کی تصاویر کھینچنے پر برس رہی ہیں۔
بشریٰ بی بی: ہیلو
انعام خان: السلام علیکم
بشریٰ بی بی: وعلیکم السلام، یہ جو توشہ خانہ سے چیزیں آئی تھیں، آپ نے اکبر کو کہا تھا کہ ان کی تصویریں کھینچ کر بھیجو؟۔
انعام خان: نہیں، میں نے تو نہیں کہا تھا۔
بشریٰ بی بی: تو کیوں کھینچی تھیں تصویریں؟ گھر کے اندر جو چیز آئےاس کی تصویر تو نہیں کھینچتے، گھر سے باہر سے جو آئے ان کی تصویر کھینچنی چاہیے۔
انعام خان مجھے نہیں معلوم۔
بشریٰ بی بی: آپ ہولڈ کریں!، بشریٰ بی بی اس دوران کسی دوسرے شخص سے سوال کرتی ہیں اور پوچھتی ہیں کہ آپ نے انعام کو بھیجی ہیں تصویریں؟ وہ کہہ رہا ہے مجھے نہیں بھیجیں۔
انعام خان: بھیجیں ہیں لیکن میں نے کہا نہیں۔
بشریٰ بی بی کسی دوسرے بندے سے: کس نے کہا تصویریں کھینچنے کو؟ کس نے؟ کیوں؟ گھر کے اندر والی کسی چیزکی تصویر نہیں کھینچتے کیونکہ وہ میرے پاس آرہی تھی، آپ کون ہوتے ہیں تصویریں کھینچنے والے؟۔
بشریٰ بی بی انعام سے مخاطب ہوتے ہوئے: اور تمہیں کیوں بھیجی ہیں اس نے تصویریں؟
انعام: بی بی مجھے تصویریں آئی ہیں کہ ہم اندر دے رہے ہیں، بس آپ بی بی کو دیدیں، وہ جانیں۔
بشریٰ بی بی: کیا کرنا ہے تصویروں کا ؟
انعام: ہم لوگوں نے کیا کرنا ہے تصویروں کا؟
بشریٰ بی بی: آج کے بعد تم گھر کے اندر نہیں آؤ گے، سمجھ آئی وہیں بیٹھو۔
انعام: ٹھیک ہے۔
بشریٰ بی بی: تصویریں لے کر وہیں رہو جہاں تم بیٹھے ہو۔
دوسری جانب مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اپنے پرانے روایتی ہتھکنڈوں پر گئی ہے، جوڑ توڑ کرنے کا پراپیگنڈا ن لیگ کا سیل کر رہا ہے، عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا، عوام سب جان چکی ہیں، عمران خان کی بڑھتی ہوئی شہرت سے پی ڈی ایم خوفزدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکوئوں کا ٹولہ اقتدار پر قابض ہے، ذاتیات پر حملہ کر کے اپنے جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتے، ن لیگ کا سرکاری خزانے پر بنایا گیا میڈیا سیل مخالفین افسران اور اداروں پر کیچڑ اچھال رہا ہے اور گھٹیاں پراپیگنڈا کر رہا ہے۔