اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان،وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب

لاہور(اُمت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق شہباز شریف نے اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پر پارٹی کے اہم رہنماؤں اور مرکزی قائدین کا اجلاس 18 دسمبر کو طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسمبلیاں تحلیل ہونے سے بچانے کےلئے معاملات پر غور ہوگا، اسمبلیاں بچانے کےلئے قانونی و آئینی معاملات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی جائے گی، اجلاس میں آئینی و قانونی ماہرین بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آئینی اور قانونی معاملات پر سابق صدر آصف زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ سے بھی مشاورت کریں گے۔
دوسری جانب عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہبباز شریف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلیاں توڑنا کوئی کھیل نہیں ہے کہ جب جی چاہا توڑ دیں، عمران نیازی پچھلے کئی ماہ سے پاکستان کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے دوچار کرنے کے مشن پر ہے، اداروں اور ان کے سربراہان پر جھوٹے الزامات لگا کر اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہر چال کا سیاسی، آئینی اور قانونی جواب دیا جائے گا، مسلم لیگ ن عوام کی طاقت پر بھروسہ کرنے والی جماعت ہے۔ ہم الیکشن کے لئےہر دم تیار ہیں لیکن ایک شخص کی انا کی تسکین کے لئے اٹھائے قدم کا بھرپور راستہ روکا جائے گا۔