بھارت(اُمت نیوز)بھارت میں قتل کے بعد لاش کے کئی ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور شہر میں گرفتار ملزم 32 سالہ انوج شرما نے اپنی بیوہ 64 سالہ خالہ کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا جس کے بعد ملزم نے لاش کے 10 ٹکڑے کر دیے۔
رپورٹس کے مطابق ملزم کی خالہ نے اسے 11 دسمبر کو ایک تقریب کے لیے دہلی جانے سے منع کیا تھا جس پر اس نے انہیں قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم گھر میں اپنے والد، بہن اور خالہ کے ساتھ رہتا تھا، بہن اور والد 11 دسمبر کو دوسرے شہر گئے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق خالہ نے ملزم کو دہلی جانے سے روکا تو اس دوران تلخ کلامی کے بعد ملزم نےخاتون کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا اور لاش کے 10 ٹکڑے کرنے کے بعد انہیں ہائی وے کے دور دراز علاقے میں پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جرم کو چھپانے کے لیے تھانے میں خالہ کی گمشدی کی رپورٹ درج کرائی اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ مل کر انہیں ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گمشدگی کی تفتیش کے دوران پولیس نے اندازہ لگایا کہ ملزم کے بیانات گمراہ کن ہیں جس کے بعد اس پر نظر رکھنا شروع کر دی گئی، بعد ازاں سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کو گھر سے بالٹی اور سوٹ کیس لےکر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔