لاہور (امت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف اور سابق صدر آصف زرداری نے پنجاب اسمبلی بچانے کے لئے گورنر پنجاب کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
آ صف زرداری نے لاہور میں وزیراعظم سے ملاقات کی ۔جس میں ملک کی سیاسی صورتحال خصوصاً پنجاب اسمبلی کے تحلیل کے حوالے سے تحریک انصاف کے ممکنہ فیصلے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پنجاب اسمبلی بچانے کے لئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ لینے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ چوہدری پرویزالہیٰ کو اعتماد کاووٹ لینے کےلیے 186ووٹ درکارہوں گے اور اعتماد کاووٹ نہ لینے کی صورت میں پرویزالہیٰ اسمبلی تحلیل نہیں کرسکیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی زرداری کو پنجاب کی صورتحال اور چوہدری شجاعت سے ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا کہ ملک میں کسی کو سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنےدیں گے ۔ دونوں قائدین نے اتحادی جماعتوں کی سیاسی طاقت بڑھانے پراتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی وزیراعظم عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات اچھی رہی، تمام آپشنززیرغورہیں۔ کل ہم نے پارٹی کے سینیئرز رہنماؤں کا اجلاس بلایا ہے جس میں فیصلہ کریں گے۔