ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔فائل فوٹو
ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔فائل فوٹو

کراچی ٹیسٹ:پاکستان کو وائٹ واش کرنے کیلیے انگلینڈ کو 55رنز درکار

کراچی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 216 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف ملا۔انگلینڈ نے دورسری اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر112 رنز بنا لیے۔پاکستان کو وائٹ واش کرنے کیلیے اسے مزید55رنز درکار ہیں۔

بین ڈکٹ50 اور بین اسٹوکس10 رنز بنا کرکریز پر موجود ہیں،زیک کرولی 41اور ریحان احمد10رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔

 تیسرے روزپاکستان نے بغیر کسی نقصان 21 رنز پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا۔ اوپنر شان مسعود 24 رنز، اظہر علی صفر اور عبداللہ شفیق 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے گئے لیکن یہاں بابراعظم 54 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور باری باری وکٹیں گنواتے رہے۔ محمد رضوان 7 رنز اور سعود شکیل 53 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

چائے کے وقفے کے بعد آل راؤنڈر فہیم اشرف ایک رن، نعمان علی 15 رنز، محمد وسیم 2 رنز اور آغا سلمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔

دوسرے روزانگلینڈ کے اولی پوپ اور بین ڈیکیٹ نے پہلی نامکمل اننگز کا آغاز7 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا جس کے بعد 58 رنز پر نعمان علی نے بین ڈیکیٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، نعمان علی نے اگلی ہی گیند پر جو روٹ کو کیچ آؤٹ کرا کر پاکستان ٹیم کو تیسری کامیابی دلوائی۔

جو روٹ کے بعد آنے والے ہیری بروک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ بین سٹوکس ان کا ساتھ زیادہ دیر نہ دے سکے جو صرف 26 سکور ہی بنا پائے، اس کے بعد آنے والے بین فوکس نے ہیری بروک کا تھوڑا ساتھ دیا اورشراکت قائم کی۔

ہیری بروک 262 رنز پر محمد وسیم کے گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ بین فوکس 65، ریحان احمد 1، مارک ووڈ 35، اولی روبنسن 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جیک لیچ 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم ایک ہی وکٹ لے پائے۔

انگلینڈ ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز کیلئے بیٹنگ کا آغاز کیا، پاکستان نے دن کے اختتام تک 9 اوورز کھیل کر بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنا لیے، عبد اللہ شفیق 14 اور شان مسعود 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔