اسلام آباد(اُمت نیوز)انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز میں حالیہ کارکردگی پر آئس لینڈ کا کرکٹ بورڈ بھی پاکستانی ٹیم پر طنز کرنے لگا۔
خیال رہےکہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستانی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکی جس کے باعث انگلینڈ پاکستان کے خلاف پاکستان میں ہی پہلی بار کلین سوئپ کرنے کے قریب ہے۔
تین لاکھ 72 ہزار کی آبادی والا ملک آئس لینڈ جو کہ ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا رکن بھی نہیں ہے وہ بھی پاکستانی ٹیم کا مذاق اڑا رہا ہے۔
آئس لینڈ کرکٹ کی جانب سے ٹوئٹر پر پاکستان انگلینڈ کے میچ کے حوالے سے متعدد ٹوئٹس کی گئیں۔
آج پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے جواب میں انگلینڈ کی جانب سے تیز رفتاری سے رنز بنانے پر آئس لینڈ کرکٹ نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان قدرتی مناظر کے باعث سیاحت کے لیے بہترین جگہ ہے تاہم ایسا لگتا ہے کہ انگلش کھلاڑیوں نے پہلے سے ہی آج کراچی سے اپنی فلائٹ بک کروا رکھی ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں آئس لینڈ کرکٹ نے پی سی بی کو ٹیگ کرتے ہوئے طنزیہ کہا کہ ہم پاکستان آکر 0-3 سے ہارنے کے لیے بھی تیار ہیں اور ہم 0.7 نہیں بلکہ 7.0 کی شرح سے رنز بنائیں گے۔
یاد رہے کہ کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر میزبان پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنزبنالیے ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف پاکستان میں پہلی بار کلین سوئپ کرنے کے لیے مزید 55 رنز درکار ہیں۔