راولپنڈی (اُمت نیوز)ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے جبکہ سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار شہید ہوئے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر باہر سے کوئی حملہ نہیں ہوا، سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہی دہشتگروں نے یہ صورت حال پیدا کی۔
انہوں نے کہا کہ بنوں میں زیر تفتیش دہشت گردوں میں سے ایک نے سی ٹی ڈی جوان کا ہتھیار چھین لیا تھا، انہوں نے فرار کی کوشش کی جس کو ناکام بنایا گیا اور مطالبے کو رد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے واقعے سے متعلق بتایا کہ فائرنگ کی آواز سنتے ہی فورسز پہنچیں اور کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیا.
انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے، وہ ہتھیار ڈالنے کو تیار نہیں تھے، فورسز نے آج آپریشن کیا، 7 دہشت گردوں نے سرینڈر کیا۔
میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے حوالے سے جو پالیسی ہے وہ حکومت پاکستان واضح کرچکی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں۔
میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیے جارہے ہیں۔