جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ طالبان کے لیے بے حد ضروری ہے کہ افغان سرزمین کو کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ سرگرمی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ طالبان افغانستان سے پاکستان سمیت کسی بھی پڑوسی ملک یا خطے کے کسی اور ملک میں دہشت گردی نہ ہونے دیں اور عالمی برادری بھی اس میں اپنا کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یہ بات عالمی میڈیا کے نمائندے کے اس سوال کے جواب میں کہی جس میں پوچھا گیا تھا کہ طالبان حکومت کالعدم ٹی پی پی کی سرحد پار پاکستان میں حملوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔