لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا بلایا گیا پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 4 بجے تک نہ ہوا تو اس کے بعد چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ گورنر جب چاہیں وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں،
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے تو وہ آفس نہیں سنبھال سکتے، 4 بجے کے بعد گورنر پنجاب نیا نوٹیفکیشن جاری کریں گے جس کے بعد چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں اپنی مرضی بیان نہیں کررہا،آئینی بات کررہا ہوں،آئین میں لکھا ہے کہ وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ نہ لیں تو وہ وزیر اعلیٰ نہیں رہیں گے،تحریک انصاف کچھ بھی کر لے آئین سے مزاحمت نہیں کر سکتی،
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آج 4بجے تک گورنر کا بلایا گیا اجلاس منعقد نہیں ہوگا تو وزیراعلیٰ کا آفس خالی قرار پائے گا،وزیراعلیٰ ہاؤس کو سیل کرنے کا کوئی جواز بھی نہیں بنتا،کابینہ فوری طور پر تحلیل ہو جائے گی ،نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب تک اختیارات گورنر استعمال کرے گا۔