لاہور(امت نیوز) پی ٹی آئی نے کل گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا۔ چیئرمین تحریک انصاف مظاہرین سے خطاب کریں گے
رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زرداری راج کے پیسے اب پنجاب کے ایم پی ایز پر لگ رہے ہیں، ہمارے ایم پی ایز کو ٹیلی فون کالز آرہی ہیں، انہیں خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اب عوام باشعورہوگئے ہیں وہ یہ سب دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، پنجاب اسمبلی میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے خلاف کل گورنر ہاؤس کے سامنے ایک بڑا اجتماع کررہے ہیں، جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کل شام پانچ بجے پی ٹی آئی قیادت اورکارکنان بڑی تعداد میں اسمبلی کے باہر جمع ہوں گے، ارکان اسمبلی خصوصی طور پر گورنر ہاؤس پہنچیں گے، پنجاب اسمبلی کے باہر جمع ہوکر واضح پیغام دیں گے کہ کسی کو کھلواڑ کی اجازت نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کل عوام خود سوموٹو لیں گے وہ خاموش تماشائی بن کرنہیں رہیں گے، انہوں نے گورنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اسپیکر کی رولنگ پر اعتراض ہے تو عدالت جائیں۔