چین نےپاکستان کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد(امت نیوز)چین نےپاکستان کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

عوامی جمہوریہ چین کے سفیر رونگ نونگ نے بدھ کووفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی،وزیر خزانہ نے جمہوریہ چین کے سفیر کا خیرمقدم کیا،اس موقع پر  دوطرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں مزید وسعت دینے کے دستیاب مواقعوں پر غور کیا گیا۔

چینی سفیر نے حکومت کی جانب سے مالیاتی اور اقتصادی استحکام کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کے لیے کیے جانے والے پالیسی اقدامات کی تعریف کی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کے اختتام پر چینی سفیر کے مسلسل تعاون اور معاونت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط دوستانہ تعلقات کو سراہا۔