کراچی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ٹیسٹ او ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان پہنچ گئی۔ نیوز لینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آکلینڈ سے امارات ائیر کی پرواز سے لگ بھگ 17 گھنٹے سے زائد کا مسلسل سفر طے کرکے آج صبح دبئی پہنچا جہاں کیوی ٹیم اورآفیشلز دبئی سے کراچی پہنچے۔
پرواز ای 600 نے مقررہ وقت 10 بج کر 28 منٹ پر کراچی کے جناح ائیرپورٹ لینڈ کیا۔ مہمان ٹیم کی آمدو رفت کی دوران خصوصی پروٹوکول اور سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ۔ سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے سندھ پولیس کے خصوصی یونٹ ایس ایس یو اور کراچی پولیس کی جانب سے انتظامات کئے گئے۔
پہلے مرحلے میں مہمان ٹیم ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کے 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی جس کے بعد ون ڈے سیریز شیڈول ہے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ ون ڈے سیریز کی میزبانی بھی کراچی کے سپرد کی گئی ہے، تینوں میچز بالترتیب 10، 12 اور 14 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
کیوی ٹیم دوسرے مرحلہ میں 13 اپریل سے 7 مئی تک دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان 5 ٹی20 انٹرنیشنل اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔