لاہور (امت نیوز) مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے چوہدری شجاعت کے خلاف قرارداد منظور کرنے پر کامل علی آغا کی بنیادی رکنیت ختم کر دی، کامل علی آغا کو آئندہ سے پاکستان مسلم لیگ ق کا نام استعمال کرنے سے روک دیا گیا۔
کامل علی آغا سے 28 جولائی 2022ء کو مسلم لیگ ق ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس پر وضاحت مانگی گئی تھی جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس کے بعد 4 اگست کو ایک اور نوٹس جاری کیا گیا، کامل علی آغا دوسرے نوٹس پر بھی کوئی وضاحت پیش نہ کر سکے۔
جنرل طارق بشیر چیمہ کا کہناتھاکہ چوہدری شجاعت حسین کے بارے میں قرارداد منظور کر کے کامل علی آغا نے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جس پر ان کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔ کامل علی آغا نے سینیٹ سمیت پارٹی رکنیت کی وجہ سے جو عہدے حاصل کیے انہیں کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ فیصلے کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئی۔